مریم نواز کا جہاز، چیئرمین سینیٹ کی گاڑی بیچ کر عوام کو ریلیف دیں، حافظ نعیم الرحمان نے بڑا دعویٰ کر دیا

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لگژری جہاز اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی گاڑی فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کر رہے ہیں اور مفت پیٹرول استعمال کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب عوام اپنے گردے فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کے مطابق مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز خرید لیا، جبکہ کسی بھی سرکاری افسر کے پاس 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے لیوی کی مد میں 8 ہزار ارب روپے سے زائد وصول کیے، جبکہ عوام کے پیسوں سے آئی پی پیز مافیا کو پالاجا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 49 ہزار میگاواٹ ہے، جبکہ کھپت 21 ہزار میگاواٹ ہے، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جو قابلِ تشویش ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران یہ سمجھ رہے تھے کہ جماعت اسلامی کے کارکن چند دنوں بعد احتجاج ختم کرکے واپس چلے جائیں گے، تاہم تحریک اب ملک بھر میں پھیل چکی ہے اور ملک گیر ہڑتال بھی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز فیصل آباد کے تاجروں سے ملاقات ہوئی جبکہ وہ اگلے روز راولپنڈی جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ لیاقت باغ کو تالے لگا دیے گئے ہیں اور جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ اگر اجازت نہ دی گئی تو راولپنڈی کی تمام سڑکیں بند کردی جائیں گی۔ انہوں نے لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن ہے، تاہم اجازت نہ ملنے کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر مارچ کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس سمیت ملک بھر میں مارچ کیے جائیں گے، جبکہ 3 ستمبر کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال حکمرانوں کے لیے واضح پیغام ثابت ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ مریم نواز کا جہاز اور یوسف رضا گیلانی کی گاڑی فروخت کرکے حاصل ہونے والے وسائل عوام کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کیے جائیں۔ ان کے مطابق آئی پی پیز کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے سے ملک کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔