پمز اسپتال کے مالیاتی بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئی

پمز اسپتال کی نرسری میں 15 نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد اسپتال کے مالیاتی بجٹ کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ تین سال کے دوران پمز اسپتال کو مجموعی طور پر 22 ارب روپے کا بجٹ فراہم کیا گیا۔

گزشتہ سال پمز اسپتال کے لیے وفاقی حکومت نے 6 ارب 84 کروڑ روپے مختص کیے تھے، تاہم اسپتال انتظامیہ نے مختص بجٹ سے زیادہ، 7 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال پمز اسپتال انتظامیہ نے 66 کروڑ روپے اضافی بجٹ بھی وصول کیا، جبکہ رواں مالی سال کے لیے اسپتال کو 7 ارب 63 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے پمز اسپتال کو مرمت اور دیکھ بھال (Repair & Maintenance) کی مد میں گزشتہ سال 50 کروڑ روپے فراہم کیے تھے، جبکہ رواں سال اس مد میں 23 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔