پمز اسپتال انتظامیہ نے نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 14 نومولود بچوں اور ریسکیو کیے گئے ایک بچے کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
اسپتال کی دستاویز کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں جویریہ کے نومولود بچے کے والد سمیع اللہ، عالیہ کے بچے کے والد راشد اور انیسہ کے بچے کے والد عبداللہ ہیں۔
آسیہ بی بی کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، تاہم دونوں بچے آتشزدگی میں جاں بحق ہوگئے۔ ان کے والد کا نام بہادر بتایا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق شکیلہ کے نومولود بچے کے والد محمد تنویر، سدرہ کے بچے کے والد عمران اور سنبل کے بچے کے والد عثمان ہیں۔
کرن فاطمہ کے نومولود بچے کے والد محمد سعد الرحمٰن، آمنہ کے بچے کے والد خرم اور ماریہ کے بچے کے والد قیوم ہیں۔
خضرہ کے نومولود بچے کے والد مدثر جبکہ حفصہ کے بچے کے والد اشتیاق ہیں۔ 14واں جاں بحق ہونے والا بچہ عروسہ سعید کا تھا، جس کے والد کا نام ادریس خان بتایا گیا ہے۔
اسپتال کے مطابق آصفہ کا نومولود بچہ ریسکیو کرلیا گیا، جس کے والد کا نام وقاص ہے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں صبح 6 بج کر 54 منٹ پر آگ لگی، جس کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے۔






