بجلی صارفین کے لیے بری خبر، فی یونٹ کتنے روپے مہنگی ہو نیوالی ہے؟ جانئے

اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے جس سے کراچی سمیت تمام صارفین متاثر ہوں گے۔

 

جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی گئی ہے۔ نیپرا اتھارٹی 27 اگست کو اس درخواست پر سماعت کرے گی۔

 

سی پی اے کے مطابق جولائی میں مہنگی ایل این جی کے باعث بجلی کی لاگت بڑھی۔ جولائی میں درآمدی ایل این جی سے 47 روپے 38 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔

 

اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 15 ارب 12 کروڑ 20 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ ڈسکوز کو 14 ارب 50 کروڑ 10 لاکھ یونٹس فراہم کیے گئے۔ بجلی کی اوسط لاگت 9 روپے 61 پیسے فی یونٹ رہی۔

 

درخواست میں بتایا گیا کہ جولائی میں 39.81 فیصد بجلی پانی سے پیدا ہوئی جس کی لاگت سب سے کم رہی۔ فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی 50.07 روپے فی یونٹ اور ڈیزل سے 54.47 روپے فی یونٹ بجلی بنائی گئی۔ مقامی گیس سے 6.54 فیصد اور مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

 

جوہری ایندھن سے 10.10 فیصد بجلی پیدا ہوئی اور اس کی فی یونٹ لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی جو سب سے سستی رہی۔