نیویارک میں مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کی بیٹی فوبی گیٹس اور ان کے اے آئی شاپنگ اسٹارٹ اپ فیا کو مبینہ “کوکی اسٹفنگ” کے معاملے پر بڑی قانونی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جرم ثابت ہو گیا تو فوبی گیٹس کو زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ “کوکی اسٹفنگ” میں صارف کی آن لائن سرگرمی کو اس طرح ٹریک کیا جاتا ہے کہ کسی فروخت کا کمیشن اس کمپنی کو بھی مل جائے جس نے اصل میں فروخت میں کوئی کردار ادا نہ کیا ہو۔ وفاقی وائر فراڈ کے تحت اس کی زیادہ سے زیادہ سزا 20 سال مقرر ہے۔
سائبر لا فرم کی بانی پارٹنر اسٹار کشمین کے مطابق استغاثہ کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ فوبی گیٹس نے جان بوجھ کر لوگوں یا اداروں کو دھوکا دینے کی اسکیم میں حصہ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ محض لاپروائی یا غیر دانستہ غلطی کو وائر فراڈ ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں ہوگی۔ ماہرین کے مطابق فوری خطرہ قید کے بجائے بھاری مالی جرمانوں اور سول مقدمات کی صورت میں ہے۔
اگر متاثرہ کمپنیاں ثابت کر دیں کہ فیا کے طریقہ کار سے انہیں مالی نقصان ہوا تو وہ کمیشن، معاہدوں اور صارفین کے تحفظ سے متعلق معاملات پر بھی قانونی کارروائی کر سکتی ہیں۔
23 سالہ فوبی گیٹس نے اسٹینفورڈ کی ساتھی صوفیا کیانی کے ساتھ مل کر فیا کی بنیاد رکھی تھی۔ اے آئی پر مبنی شاپنگ پلیٹ فارم کی ایپ اور براؤزر ایکسٹینشن اپریل 2025 میں لانچ کی گئی تھی۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فیا کی براؤزر ایکسٹینشن بعض اوقات صارف کی کارروائی کے بغیر ہی افیلی ایٹ ٹریکنگ کوکیز انسٹال کر دیتی تھی۔ اس سے نائکی، نورڈسٹروم اور گیپ جیسے بڑے برانڈز متاثر ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم ان کمپنیوں نے ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
فیا نے رپورٹ کے بعض دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔ فوبی گیٹس یا فیا کے خلاف ابھی تک کوئی فوجداری الزام عائد نہیں کیا گیا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر الزامات ثابت ہوئے تو سب سے بڑا خطرہ مالی نقصانات اور جرمانوں کی صورت میں ہوگا، جبکہ 20 سال قید کا امکان کم ہے۔






