بانی پی ٹی آئی کے ہفتہ وار کھانے کا شاہانہ مینیو ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت خصوصاً جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں عوام کو ان کی دہلیز پر مفت صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولنگر میں واٹر باٹلنگ پلانٹس فعال کیے گئے ہیں، جہاں سے ضرورت مند خاندانوں کو 19 لیٹر کی مفت پانی کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 44 ہزار 582 بوتلز گھریلو صارفین تک پہنچائی جا چکی ہیں، جن سے تقریباً 2 لاکھ 84 ہزار افراد مستفید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا مقصد صاف پانی کی سہولت کو مزید علاقوں تک توسیع دینا ہے اور آئندہ برسوں میں اس پروگرام سے 2 کروڑ سے زائد افراد کے مستفید ہونے کی توقع ہے۔

عظمیٰ بخاری نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے مکہ معاہدے کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی شمولیت نے اس پیش رفت کو مزید اہم بنا دیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے صوبے میں حکومت کرنے والوں کو پنجاب کو گورننس کے مشورے دینے کے بجائے سندھ کے عوام کو پانی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت نے عملی کارکردگی کے ذریعے اپنی برتری ثابت کی ہے، تاہم ابھی بہت کام باقی ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بعض حلقوں میں پولنگ شروع ہوتے ہی دھاندلی کا شور شروع کر دیا جاتا ہے۔ ان کا سوال تھا کہ جہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوں وہاں الیکشن کمیشن درست اور جہاں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوں وہاں وہی الیکشن کمیشن غلط کیسے ہو سکتا ہے؟

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق بیانیے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو جیل میں طبی معائنہ، ورزش، سائیکلنگ مشین، مناسب خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ان کا طبی ریکارڈ بھی مرتب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جان کو خطرے کا بیانیہ سیاسی پروپیگنڈا ہے اور بالآخر حقیقت سامنے آ جائے گی۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت انتخابات کے لیے تیار ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ضروری تیاری مکمل کرکے تاریخ دینے کے بعد حکومت فوری طور پر انتخابات کے انعقاد میں تعاون کرے گی۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے حوالے سے کہا کہ ایک طرف وہ حکومت میں شامل ہے، ترقیاتی فنڈز اور دیگر معاملات میں شراکت چاہتی ہے اور دوسری جانب اپوزیشن کا کردار بھی ادا کرنا چاہتی ہے، اس لیے اسے پہلے اپنی سیاسی پالیسی واضح کرنی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف واضح ہے کہ سیاست خدمت، کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل کا نام ہے۔