سابق امریکی صدر جو بائیڈن سے متعلق افسوسناک خبر

سابق امریکی صدر جو بائیڈن سے متعلق بری خبر سامنے آئی ہے، ان کا پروسٹیٹ کینسر مزید پھیل گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جو بائیڈن کے کینسر کے مزید پھیلنے کی تصدیق ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے کی ہے۔

ہنٹر بائیڈن نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کا کینسر ہڈیوں سمیت جسم کے دیگر حصوں تک پھیل چکا ہے، جس کے باعث انہیں شدید درد کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بیماری انتہائی تکلیف دہ ہے اور کئی حوالوں سے جسمانی طور پر کمزور کردینے والی ہے۔

واضح رہے کہ جو بائیڈن نے مئی 2025 میں وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے تقریباً چار ماہ بعد انکشاف کیا تھا کہ انہیں پروسٹیٹ کینسر کی ایک جارحانہ قسم کی تشخیص ہوئی ہے، جو اس وقت ان کی ہڈیوں تک پھیل چکا تھا۔

اکتوبر 2025 میں بائیڈن کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سابق صدر کینسر کے علاج کے لیے ریڈی ایشن تھراپی اور ہارمون تھراپی کروا رہے ہیں۔

جو بائیڈن 2021 سے 2025 تک امریکا کے صدر رہے، جبکہ اس سے قبل وہ 2009 سے 2017 تک بارک اوباما کے نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی صدارتی یادداشتوں پر مشتمل کتاب 17 نومبر کو شائع ہونے والی ہے۔