امریکی سیاست میں بڑی تبدیلی

امریکی سیاست میں بڑی تبدیلی کے آثار سامنے آ رہے ہیں، جہاں ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر سوشلسٹ گروپ کی مسلسل کامیابیاں توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

ریاست کولوراڈو میں ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار نے پرائمری الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا۔ ایتھوپین نژاد میلات کیروس نے 15 مرتبہ منتخب ہونے والی رکن کانگریس ڈیانا ڈیگیٹ کو شکست دے دی، جس نے کولوراڈو کے سیاسی حلقوں کو حیران کردیا ہے۔

میلات کیروس نے ڈیموکریٹک پرائمری میں 13 پوائنٹس کی واضح برتری سے کامیابی حاصل کی۔ امریکی میڈیا کے مطابق آئندہ صدارتی امیدوار بھی ڈیموکریٹک سوشلسٹ گروپ سے سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈیموکریٹک سوشلسٹوں کو امریکی نظام کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

میلات کیروس کی کامیابی موجودہ انتخابی دور میں ڈیموکریٹک پرائمری انتخابات کے دوران انتہائی بائیں بازو کے امیدواروں کی درجنوں فتوحات میں سے ایک ہے، جبکہ ملک بھر میں سوشلسٹ امیدوار مسلسل سیاسی میدان میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

نیویارک کے بعد اب کولوراڈو جیسی ریاست میں بھی بائیں بازو کے امیدواروں کی کامیابی اس بات کی نشاندہی کر رہی ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی میں یہ رجحان مزید پھیل رہا ہے۔

ڈیموکریٹک رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ اگر پارٹی نے اپنی بنیادی سیاسی اقدار اور مستقبل کی سمت کے بارے میں واضح فیصلہ نہ کیا تو بائیں بازو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت مستقبل میں پارٹی کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن سکتی ہے۔

سوشلسٹ امیدواروں کی مسلسل کامیابیاں ظاہر کرتی ہیں کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر بائیں بازو کی سیاست بتدریج اپنی سیاسی موجودگی اور اثر و رسوخ بڑھا رہی ہے۔