لیونل میسی کو خوفناک دھمکی دیدی گئی

امریکا میں 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران دنیا کے مشہور فٹبالرز سمیت متعدد کھلاڑیوں اور کھیلوں کے انتظامی افسران کو بم دھماکوں اور سیکیورٹی سے متعلق سنگین دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لیونل میسی ان دھمکیوں کا سب سے نمایاں ہدف رہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے عالمی کپ کے دوران موصول ہونے والی تمام دھمکیوں پر کڑی نظر رکھی۔

ڈلاس کے ہوائی اڈے پر ایک شخص نے فون کرکے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسٹیڈیم کی جانب جا رہا ہے اور ان کے پاس بم اور ہتھیار موجود ہیں، جبکہ پولیس اور لیونل میسی کو ہدف بنانے کی دھمکی دی گئی۔ اٹلانٹا میں ارجنٹائن اور مصر کے میچ سے قبل بھی میسی پر حملے کی دھمکی سوشل میڈیا پر دی گئی۔ اسی میچ کے دوران اسٹیڈیم کے کوڑے دان میں بم رکھنے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بم ناکام بنانے والے اہلکاروں اور خصوصی تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے اسٹیڈیم کی تلاشی لی۔

رپورٹ کے مطابق پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی سیکیورٹی خطرات سے محفوظ نہیں رہے۔ ہیوسٹن میں رونالڈو کی رہائش اور ہوٹل سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مشکوک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب فرانس کے ریفری فرانسس لیٹیکسیئر کو واٹس ایپ پر 6 ہزار سے زائد دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔

سیکیورٹی اداروں نے تمام اطلاعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور ممکنہ خطرات کو ناکام بنایا۔ تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ موصول ہونے والی ہر دھمکی کا لازمی طور پر حقیقی حملے میں تبدیل ہونا ضروری نہیں تھا۔ عالمی کپ جیسے بڑے ایونٹ میں دنیا کے معروف کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی اداروں کو کھیلوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو لاحق ممکنہ خطرات پر بھی مسلسل نظر رکھنا پڑی۔