ای سم استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی تبدیلی، پی ٹی اے نے نئی فیس مقرر کر دی

 

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ای سم (eSIM) سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ای سم کے اجرا اور فزیکل سم کو ای سم میں تبدیل کرنے کی زیادہ سے زیادہ فیس 1,500 روپے مقرر کر دی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق نئی فیس پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر نافذ ہوگی۔

اتھارٹی نے صارفین کو مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے ایک موبائل ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس میں ای سم پروفائل کی مفت منتقلی کی حد 10 مرتبہ تک بڑھا دی ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئی فیس اور مفت منتقلی کی سہولت 17 اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔

اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد صارفین کو جدید، آسان اور نسبتاً کم لاگت ٹیلی کمیونیکیشن خدمات فراہم کرنا اور ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو مزید تیز کرنا ہے۔