میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی

تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 24 سالہ فٹبالر سوفوان آوائے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 12 دیگر کھلاڑی زخمی ہو گئے۔

یہ افسوسناک واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے ایک مقامی میچ کے دوران پیش آیا۔

پولیس کے مطابق آسمانی بجلی میدان میں گری، جس کے نتیجے میں سوفوان آوائے شدید زخمی ہو گئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

زخمی ہونے والوں میں ایک ملائیشین کھلاڑی بھی شامل ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سوفوان آوائے سیمکولٹس ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے اور حال ہی میں تھائی لینڈ کے تھرڈ ڈویژن کلب یالا ایف سی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ کلب نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نسبتاً عام ہیں، اور گزشتہ چند برسوں کے دوران اس نوعیت کے متعدد جان لیوا حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔