سابق کرکٹر کے گھر پر بم حملہ ، وجہ بھی سامنے آ گئی

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن کے آبائی ضلع ماگورا میں واقع گھر پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا، تاہم واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے گھر پر اینٹیں اور پتھر پھینکے، کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور بعد ازاں مکان کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ واقعہ 5 اگست کو مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔ علاقے کے رہائشیوں نے حملے کے دوران زور دار آوازیں سننے کی اطلاع دی، جنہیں آتش بازی یا پٹاخوں کی آوازیں قرار دیا گیا۔

بعض مقامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ حملہ آوروں نے گھر پر پیٹرول بم بھی پھینکے، تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ سوشل میڈیا پر عوامی لیگ کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں بھی شکیب الحسن کی رہائش گاہ کے باہر پٹاخوں جیسی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔

ماگورا صدر پولیس اسٹیشن کے افسر انچارج عبداللہ المامون نے مقامی اخبار دی ڈیلی اسٹار کو بتایا کہ چند شرپسندوں نے گھر پر اینٹوں کے ٹکڑے پھینکے، کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا اور مکان کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری شکیب الحسن کے گھر کے باہر تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور حملے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب چند گھنٹے قبل شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کی معزول سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی دہلی سے ہونے والی ورچوئل میڈیا گفتگو میں شرکت کی تھی۔ یہ پروگرام فارن کورسپانڈنٹس کلب آف ساؤتھ ایشیا کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔

اپنے خطاب میں شیخ حسینہ نے جولائی اور اگست 2024 کے سیاسی بحران پر اپنی حکومت کے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک حکومت کی تبدیلی کے لیے منصوبہ بندی کے تحت چلائی گئی کارروائی تھی۔

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے سیاسی کشیدگی برقرار ہے۔ اس میڈیا پروگرام سے قبل بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے رہنماؤں نے تقریب پر تنقید کی تھی اور بعض میڈیا اداروں کو شیخ حسینہ کا خطاب نشر نہ کرنے کی تنبیہ بھی کی تھی۔

عوامی لیگ کے بعض رہنماؤں اور حامیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شکیب الحسن کے گھر پر حملہ ان کی اس تقریب میں شرکت سے متعلق ہو سکتا ہے، تاہم بنگلہ دیشی حکام نے تاحال حملے اور میڈیا پروگرام کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق نہیں کی۔

شکیب الحسن کو بنگلہ دیش کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم عوامی لیگ سے سیاسی وابستگی کے باعث وہ ایک متنازع شخصیت بھی رہے ہیں۔ وہ 2024 کے عام انتخابات میں عوامی لیگ کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، جنہیں اپوزیشن جماعتوں نے غیر مسابقتی قرار دیا تھا۔

اگست 2024 میں سیاسی تبدیلی کے بعد عوامی لیگ پر بنگلہ دیش میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ شیخ حسینہ نے حالیہ خطاب میں اپنی جماعت پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانونی چیلنجز کے باوجود وطن واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔