**واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف کرا دیے**
واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے استعمال کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے تین نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔ میٹا کے مطابق ان اپ ڈیٹس کا مقصد گروپس میں رابطے، فیصلوں اور انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے۔
اسمارٹ پول فیچر کے تحت صارفین اب پول کے لیے ایکسپائری ٹائم مقرر کر سکیں گے، جس کے بعد پول خودکار طور پر بند ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ ووٹرز کی شناخت کو خفیہ رکھنے اور پول پوسٹ کرنے کے بعد 15 منٹ کے اندر اس میں ترمیم کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، تاکہ گروپس میں فیصلے کرنا مزید آسان ہو سکے۔
واٹس ایپ نے **Create a Similar Group** نامی نیا آپشن بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی موجودہ گروپ کے اراکین کی بنیاد پر صرف ایک کلک سے نیا گروپ بنا سکیں گے۔
گروپ چیٹس کے لیے سب سے نمایاں اضافہ **@all** مینشن فیچر ہے، جس کی مدد سے ایک ہی بار میں گروپ کے تمام اراکین کو نوٹیفائی کیا جا سکے گا اور ہر رکن کو الگ الگ ٹیگ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ فیچر فوری اعلانات اور اہم پیغامات تمام اراکین تک بیک وقت پہنچانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
میٹا کے مطابق اگر کسی گروپ میں 32 سے زیادہ اراکین ہوں گے تو **@all** مینشن فیچر صرف گروپ ایڈمنز استعمال کر سکیں گے، جبکہ صارفین کو **@all** نوٹیفکیشنز میوٹ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔





