جماعت اسلامی کا احتجاج کا اعلان ، تارخ سامنے آ گئی ، خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے 7 اگست کو مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے خلاف احتجاج میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمعہ کے بعد شام 4 بجے عوام سڑکوں پر نکلیں، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام نے آواز اٹھائی تھی، اسی طرح اب بھی مہنگائی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس اور اشیائے خورونوش پر اضافی ٹیکسوں نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران کئی کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ پیٹرول پر عائد ٹیکس کا بوجھ بھی عام شہری برداشت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ براہ راست ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں، وہ بھی مختلف محصولات کے ذریعے حکومت کو ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے لیوی کی مد میں بڑی رقم وصول کی ہے، جبکہ مراعات یافتہ طبقہ عیاشیاں کر رہا ہے اور عام شہری پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر عوام مہنگائی اور اضافی ٹیکسوں کے خلاف آواز بلند نہیں کریں گے تو مزید ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ احتجاج کے ذریعے حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔