خبردار!!! بزرگوں، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی

برطانیہ میں رواں سال کی پانچویں ممکنہ ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں شدید گرمی سے متعلق انتباہات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ساؤتھ ایسٹ اور ایسٹ آف انگلینڈ میں پیر سے امبر ہیٹ الرٹ نافذ العمل ہو گیا ہے۔

ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کے باعث صحت سے متعلق زرد اور امبر درجے کے انتباہات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

امبر الرٹ لندن، جنوب مشرقی انگلینڈ، مشرقی انگلینڈ اور مشرقی مڈلینڈز کے علاقوں کے لیے جاری کیا گیا ہے، جو پیر کی صبح سے بدھ 5 اگست تک نافذ رہے گا۔ اسی دوران شمال مغربی انگلینڈ، یارکشائر اینڈ دی ہمبر، مغربی مڈلینڈز اور جنوب مغربی انگلینڈ کے لیے کم شدت کے زرد انتباہات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث صحت اور سماجی نگہداشت کے نظام پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ بزرگ افراد، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اور دیگر کمزور طبقات کو زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر مسلسل تین دن تک درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ رہے تو ہیٹ ویو کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ شہریوں کو زیادہ پانی پینے، دوپہر کے وقت براہ راست دھوپ سے بچنے اور گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

برطانیہ میں جولائی کو موسمی ریکارڈ کے مطابق سب سے خشک ترین مہینوں میں شمار کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق مئی اور جون کی ہیٹ ویوز کے دوران گرمی سے متعلق مجموعی طور پر 2 ہزار 877 اموات ریکارڈ کی گئیں، جس کے بعد شہریوں سے بزرگ رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا خصوصی خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق پیر کو پورے ہفتے کا گرم ترین دن رہنے کا امکان ہے۔ فرانس سے آنے والی گرم ہواؤں کا سلسلہ شمال کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ بحر اوقیانوس سے کم دباؤ کا نظام بھی قریب آ رہا ہے۔ انگلینڈ کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت 30 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ لندن اور ہوم کاؤنٹیز کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

پیر کی رات سے منگل تک شمالی اور مغربی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔