خیبر پختونخوا میں ممتاز قانون دان محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی، جسے پارٹی کے لیے صوبے میں ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ نے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر انصاف لائرز فورم خیبر پختونخوا کے متعدد سینئر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے بھی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی۔
پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں میں جہانگیر خان خواجہ، عثمان خان ترلندی اور داؤد خان شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران چوہدری سالک حسین نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے خیبر پختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ (ق) مزید مضبوط، منظم اور فعال ہوگی۔





