ٹماٹر کی قیمت آسمان چھونے لگی ، فی کلو قیمت کیا ؟ جانئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، جہاں فی کلو ٹماٹر 400 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگے پیٹرول کے بعد اب سبزیوں کی قیمتوں نے بھی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ ہفتہ وار خریداری کے لیے بازار آنے والے شہریوں کو مہنگے ٹماٹروں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو روزمرہ کھانوں کا لازمی حصہ سمجھے جاتے ہیں۔

اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمت 277 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ شہریوں کے مطابق سستے بازاروں میں ملنے والے کم قیمت ٹماٹر معیاری نہیں، جبکہ بہتر معیار کے ٹماٹر 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔

دکانداروں کے مطابق بارڈر کی بندش اور مقامی پیداوار میں کمی ٹماٹروں کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ وجوہات کچھ بھی ہوں، اس کا اثر عام صارفین پر پڑتا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں، جہاں فی کلو ٹماٹر 450 سے 500 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔ متعدد تاجر ایرانی اور کوئٹہ کے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو یا 110 سے 125 روپے فی پاؤ کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔

close