//

لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی آئندہ چند ماہ تک قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے تاکہ ٹیم کو سنبھلنے کا موقع مل سکے، تاہم وہ مستقبل میں کسی اور عالمی کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ 39 سالہ میسی نے 2026ء فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گول کیے اور 4 گول میں مدد فراہم کی، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے دوسرے بڑے گول اسکورر رہے۔ فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ارجنٹینا کی شکست کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن میسی کے اعزاز میں ایک خصوصی الوداعی میچ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ شائقین انہیں یادگار انداز میں خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔

میسی کا بین الاقوامی کیریئر کئی نشیب و فراز سے بھرپور رہا۔ متعدد فائنلز میں ناکامیوں اور شدید تنقید کے بعد انہوں نے ارجنٹینا کو تاریخ کے کامیاب ترین دور میں پہنچایا۔

ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021ء میں کوپا امریکا، 2022ء فائنلسیما، 2022ء فیفا ورلڈ کپ اور 2024ء کوپا امریکا کے ٹائٹل جیتے، جبکہ 2026ء فیفا ورلڈ کپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔

میسی کی بین الاقوامی فٹبال سے رخصتی کے حوالے سے ایک تاریخی الوداعی تقریب کے انعقاد کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ارجنٹائن کے فٹبال لیجنڈ لیونل میسی کے بارے میں ایک حیران کن پیشگوئی سامنے آئی ہے کہ وہ آئندہ پانچ برس کے اندر ارجنٹائن کے صدر بن سکتے ہیں۔

چینی ماہر تعلیم اور تجزیہ کار جیانگ شوئیکن نے ایک آن لائن گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ لیونل میسی ارجنٹائن کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے اور کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میسی تقریباً 20 برس تک اقتدار میں رہ سکتے ہیں کیونکہ عوام انہیں پسند کریں گے اور غلط فیصلوں پر بھی معاف کر دیں گے۔

واضح رہے کہ لیونل میسی کی جانب سے سیاست میں آنے یا صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، اور یہ دعویٰ محض ایک تجزیہ کار کی ذاتی پیشگوئی ہے جس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close