//

پٹرول پمپس اونر کی کال پر ہڑتال، مختلف علاقوں میں پٹرول پمپ بند

لاہور (آئی این پی): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے خلاف پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث کراچی، لاہور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپ بند کر دیے گئے، جس سے شہریوں اور ٹرانسپورٹ شعبے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق لاہور اور گردونواح میں 150 سے زائد پیٹرول پمپ بند ہیں، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں سے بھی پمپوں کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا میں پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دی ہے، جس کے باعث صوبے کے متعدد اضلاع میں چھوٹے اور بڑے پیٹرول پمپ مکمل یا جزوی طور پر بند ہیں۔

مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع لوئر دیر، اپر دیر، چترال، باجوڑ، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور بونیر میں گزشتہ رات سے پیٹرول پمپ بند ہیں، جس سے ایندھن کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

پیٹرول پمپ مالکان کا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین کرنے کا فارمولا فوری طور پر ختم کرے، جبکہ گزشتہ آٹھ برس سے پیٹرول پمپ مالکان کے مارجن میں اضافہ نہ کیے جانے پر بھی تحفظات دور کیے جائیں۔

پیٹرولیم ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری بہزاد الرحمن نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج اور پیٹرول پمپوں کی بندش جاری رہے گی۔ انہوں نے حکومت سے فوری مذاکرات اور مسئلے کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال سے شہریوں کو ایندھن کے حصول میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close