لاہور (آئی این پی): حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں نافذ دفعہ 144 کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، تاہم شادی ہالز، مارکیز اور دیگر بند مقامات پر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو زرعی، آبپاشی، تحقیقی اور دیگر مجاز مقاصد کے لیے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت جاری کرے گی۔ کمیٹی کی پیشگی منظوری حاصل کرنے والے افراد اور ادارے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






