استعمال شدہ گاڑی خریدنے والے شہریوں کو فراڈ سے بچانے کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے جدید آن لائن وہیکل ویریفکیشن سسٹم متعارف کروا دیا ہے، جس کے ذریعے خریدار خریداری سے قبل گاڑی کا مکمل ریکارڈ آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔
اس نظام کے ذریعے گاڑی کی رجسٹریشن، ملکیت اور دیگر اہم معلومات کی تصدیق ممکن ہوگی، جس سے جعلی رجسٹریشن بک یا فائل، اصل مالک اور فروخت کنندہ کے نام میں فرق، اور چوری شدہ یا متنازع ریکارڈ والی گاڑی خریدنے جیسے خطرات سے بچنے میں مدد ملے گی۔
گاڑی کی تصدیق کے لیے شہری محکمہ ایکسائز پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور چیسس نمبر درج کریں، پھر سیکیورٹی کیپچا مکمل کر کے معلومات جمع کروائیں۔ اس کے بعد گاڑی کا مکمل ریکارڈ اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا، جسے فراہم کردہ دستاویزات سے ملا کر تصدیق کی جا سکتی ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی استعمال شدہ گاڑی کی خریداری سے پہلے آن لائن ویریفکیشن ضرور کریں، تاکہ فراڈ اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






