//

شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے انسانوں کا فریج تیار

ٹوکیو (آئی این پی): جاپان میں حالیہ دنوں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے اور حکومت کی جانب سے ہیٹ اسٹروک الرٹس جاری کیے جانے کے بعد دو جاپانی کمپنیوں نے شدید گرمی سے تحفظ کے لیے انسانوں کے لیے خصوصی “پرسنل کولنگ باکس” یا انسانی فریج تیار کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جدید کولنگ باکس اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کیا گیا ہے، جس کے اندر موجود کرسی پر بیٹھنے کے بعد طاقتور ٹھنڈی ہوائیں سر، گردن، کندھوں اور کمر پر خارج ہوتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس عمل سے جسم کا درجہ حرارت تقریباً 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہو جاتا ہے، جس سے مجموعی جسمانی حرارت میں نمایاں کمی آتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ انسانی فریج 15 ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت برقرار رکھتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 20 منٹ تک چلنے کے بعد خودکار طور پر بند ہو جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس ڈیوائس کی قیمت 15 لاکھ جاپانی ین رکھی گئی ہے۔ 84 انچ لمبا اور 47 انچ چوڑا یہ کولنگ باکس ایک گھنٹے تک چلانے پر صرف 16 ین بجلی خرچ کرتا ہے، جو روایتی ایئر کنڈیشنر کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پورٹیبل ڈیوائس پورے جسم کو تیزی سے ٹھنڈا کرتی ہے اور اسے باآسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا سکتا ہے، خصوصاً ایسی جگہوں پر جہاں شدید گرمی میں کام کرنے والے افراد کو فوری ٹھنڈک کی ضرورت ہوتی ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں بیٹھنے والا شخص صرف 5 منٹ میں واضح ٹھنڈک محسوس کرنے لگتا ہے، جبکہ 10 منٹ تک استعمال سے ہیٹ ویو اور ہیٹ اسٹروک کی علامات کی شدت میں بھی نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close