//

انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان، 89 فیصد کامیابی

کوئٹہ (آئی این پی): بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ (بی آئی ایس ای کیو) نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

بورڈ کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 99 ہزار 946 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 88 ہزار 944 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح مجموعی کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا۔

نتائج کے مطابق اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ عائشہ خان دختر غضنفر علی نے 1067 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح بی آر سی کالج لورالائی کے طالب علم رسد خان ولد نعمت اللہ نے 1064 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ سعدیہ دختر طاہر کامران نے 1061 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق بارہویں جماعت کے 53 ہزار 590 اور گیارہویں جماعت کے 46 ہزار 356 طلبہ و طالبات امتحان میں شریک ہوئے۔ بارہویں جماعت کے 49 ہزار 42 جبکہ گیارہویں جماعت کے 39 ہزار 902 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

اعلان کردہ نتائج کے مطابق بارہویں جماعت کی کامیابی کا تناسب 91.5 فیصد جبکہ گیارہویں جماعت کی کامیابی کا تناسب 86.1 فیصد رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close