پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل کل سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 19 سے 24 جولائی تک جاری رہنے والے اس اسپیل کے دوران کم وقت میں زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث سڑکوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ مری، گلیات اور نالہ لئی کے علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ادارے کے مطابق آندھی، طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کے دوران شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں۔
پی ڈی ایم اے نے والدین کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع شدہ برساتی پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
ادارے نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام کی حفاظت کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





