//

ترکیہ کی جمہوریت عوامی عزم کی روشن مثال ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ترکیہ کی جمہوریت عوامی عزم اور ثابت قدمی کی روشن مثال ہے، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی نسل در نسل منتقل ہونے والا ایک مضبوط تاریخی رشتہ ہے۔

ترکیہ کے یومِ جمہوریت اور قومی یکجہتی کی دسویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس تقریب سے خطاب کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک عوام نے اپنے اتحاد اور حوصلے سے ثابت کیا کہ جب قوم متحد ہو تو بڑے سے بڑے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور کوئی طاقت عوامی عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قیامِ پاکستان سے بھی پہلے کے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی مضبوط روابط موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دورہ استنبول کے دوران انہیں پاک ترک دوستی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے، جبکہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات ہمارے بزرگوں کی قیمتی میراث ہیں، جنہیں آئندہ نسلوں تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ترکیہ آج ایک مضبوط معاشی اور دفاعی قوت کے طور پر دنیا میں اپنا مقام بنا چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ترکیہ میں جمہوریت کے دفاع کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 250 شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترک شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close