اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا مولانا فضل الرحمان کے بیان کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہا ہے، جبکہ قومی سلامتی اور شہدا کے احترام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم ایسے بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے جو دشمن کے بیانیے کو تقویت دیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کو بنیاد بنا کر مسلح افواج اور شہدا کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس سے دشمن کے میڈیا کو پاکستان مخالف مواد فراہم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کی سرحدوں پر دفاع کرنے والے جوان اور شہدا پوری قوم کا فخر ہیں، اس لیے ان کی قربانیوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شہدا کے احترام اور دفاعِ وطن جیسے حساس قومی معاملات پر ایسا کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا جانا چاہیے جس سے دشمن کو فائدہ پہنچے یا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کا موقع ملے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






