امریکا نے ایرانی کرپٹو والٹس میں موجود 130 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایران کے مرکزی بینک سے منسلک متعدد کرپٹو والٹس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں 130 ملین ڈالر سے زیادہ مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کیے گئے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ یہ اقدامات ایران کی مبینہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایرانی حکومت کو غیر قانونی آمدنی تک رسائی روکنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکا نے ایران کے خلاف مسلسل چوتھے روز فضائی اور بحری کارروائیاں جاری رکھیں، جبکہ ایران نے بھی جوابی کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی فوج کے مطابق ایرانی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات سمیت آبنائے ہرمز اور ساحلی علاقوں میں متعدد عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق سات گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی میں لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور بحری جنگی جہازوں نے حصہ لیا اور کئی ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، جزیرہ کیش، قشم، حاجی آباد، چابہار، بمپور اور صوبہ ہرمزگان کے علاقے سیریک کے قریب دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں بھی جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے کی خبریں سامنے آئیں۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس، کویت میں علی السالم ایئر بیس اور اردن کے شہر الازرق میں امریکی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






