بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 19 دہشت گرد ہلاک، 11 اہلکار شہید

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران 11 اہلکار وطن کے دفاع میں شہید ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی بلوچستان کی قومی شاہراہ این-25 پر جھاو کراس اور کرارو کے درمیان کی گئی، جہاں دہشت گردوں نے مبینہ طور پر سڑک بلاک کر رکھی تھی اور مسافروں و مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 11 اہلکار بھی جامِ شہادت نوش کر گئے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ عوام کی جان و مال، قومی شاہراہوں کے تحفظ اور بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close