عالمی قوانین کی خلاف ورزی نریندر مودی کی بڑی غلط فہمی ہے

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ایک فسطائی طرزِ حکمرانی اختیار کیے ہوئے ہے اور وہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کو اپنا حق سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہ سمجھتی ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے اور بین الاقوامی آبی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر سکتی ہے، جبکہ بھارتی حکومت کو یہ بھی گمان ہے کہ اس سے کوئی بازپرس نہیں ہوگی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ نریندر مودی اور ان کے حامیوں کی بڑی غلط فہمی ہے، کیونکہ پاکستان ماضی میں بھی بھارت کی ایسی کئی غلط فہمیاں دور کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی زراعت، معیشت اور قومی بقا کی بنیاد ہے، اس لیے اس پر کسی بھی قسم کا چیلنج دراصل پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہوگا، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close