نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو کی حکومت نے ماں اور بچے کی صحت کے فروغ اور سرکاری ہسپتالوں پر عوامی اعتماد بڑھانے کے لیے ایک منفرد فلاحی منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے ہر نومولود کو ایک گرام سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سکیم کا نام “تھائی ماما تھنگا موتھیرا تھٹم” رکھا گیا ہے۔ منصوبے کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کی معاونت کے ساتھ ساتھ سرکاری ہسپتالوں میں بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
حکومت نے اس پروگرام کے لیے سالانہ 755.83 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ حکام کے مطابق 22 جون 2026 یا اس کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے تمام بچے اس سہولت کے حقدار ہوں گے۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ وجے 15 ستمبر کو سی این اناڈورائی کے یوم پیدائش کے موقع پر اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔
حکومتی بیان کے مطابق یہ سکیم وسیع تر فلاحی وژن “ویٹری تملھگم” کا حصہ ہے، جس کا مقصد ماؤں اور بچوں کو بہتر طبی سہولیات اور سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تامل ثقافت میں سونے کی انگوٹھی خوشحالی اور نیک شگون کی علامت سمجھی جاتی ہے، اس لیے یہ تحفہ نہ صرف مالی معاونت بلکہ ایک ثقافتی اور جذباتی اہمیت بھی رکھتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ہزاروں خاندان مستفید ہوں گے، پیدائش کے ابتدائی مرحلے میں ملنے والی یہ مدد گھریلو اخراجات میں کمی کا باعث بنے گی اور سرکاری طبی مراکز پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






