اسلام آباد: عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث قیمتیں سات ماہ سے زائد عرصے کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.4 فیصد کمی کے بعد 3,985.89 ڈالر فی اونس ہو گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز برائے اگست ڈلیوری 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,001.60 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوئے۔
بدھ کے روز سونے کی قیمت پہلی مرتبہ نومبر 2025 کے بعد 4,000 ڈالر فی اونس کی اہم نفسیاتی حد سے نیچے آ گئی تھی۔ ماہرین کے مطابق مضبوط امریکی ڈالر اور شرح سود میں اضافے کے خدشات سونے کی طلب پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 57.33 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.2 فیصد کمی کے بعد 1,575.85 ڈالر فی اونس جبکہ پیلیڈیم 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1,170.25 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونا 10 ہزار 400 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 236 روپے پر آ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 360 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 68 ہزار 985 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں مسلسل کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے باعث آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






