دودھ اور دہی کی قیمتوں سے شہری شدید پریشان

لاہور: مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل دردِ سر بنی ہوئی ہیں، جبکہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق دودھ کی قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں دکاندار کھلے عام من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں دودھ 200 سے 240 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔

اسی طرح دہی کی قیمت بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں دہی 220 سے 250 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ قیمتوں میں یکسانیت نہ ہونے کے باعث ہر دکاندار اپنی مرضی کے مطابق نرخ مقرر کیے ہوئے ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

عوام نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خورونوش کی سرکاری قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم ہو سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close