کراچی: ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد منافع خور عناصر سرگرم ہو گئے ہیں اور مختلف شہروں میں مائع پٹرولیم گیس سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی نئی قیمت 306 روپے 76 پیسے فی کلو مقرر کی ہے، تاہم مارکیٹ میں متعدد دکاندار گیس 400 روپے فی کلو یا اس سے بھی زائد نرخوں پر فروخت کر رہے ہیں، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ایک جانب سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، جبکہ دوسری جانب ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں اور سرکاری نرخوں پر عدم دستیابی نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
گھریلو صارفین، رکشا ڈرائیوروں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی لاگت نے ان کے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کھلے عام منافع خوری کے باوجود مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دے رہی۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور پرائس کنٹرول نظام نافذ کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






