شہریوں نے سابق چیئرمین کو جوتوں کا ہار پہنا کر علاقے میں گھمایا

کولکتہ: بھارت میں کرپشن کے الزامات کے بعد حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے دو رہنماؤں کو شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع ہوگلی میں سابق میونسپل چیئرمین سواپن سمانتا کو مبینہ بدعنوانی کے خلاف احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے جوتوں کا ہار پہنا کر علاقے میں گھمایا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعض افراد انہیں کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کرنے پر مجبور کرتے رہے جبکہ ان پر انڈے اور ٹماٹر بھی پھینکے گئے۔ مظاہرین نے ان پر کوئلے کی چوری اور مویشی اسمگلنگ جیسے الزامات لگاتے ہوئے مبینہ طور پر اعتراف کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

اسی طرح ترنمول کانگریس کے ایک اور سابق رکن اسمبلی رامندو سنگھا رائے کو بھی عوامی غصے کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کے مطابق جب انہیں گرفتار کر کے عدالت منتقل کیا جا رہا تھا تو راستے میں لوگوں نے ان کی گاڑی پر انڈے پھینکے اور بدعنوانی کے خلاف نعرے لگائے۔

مقامی افراد کا الزام ہے کہ رامندو سنگھا رائے نے غیر قانونی طور پر زمینیں حاصل کیں، جبکہ ان کے خلاف سرکاری املاک کی مبینہ برآمدگی اور دیگر الزامات پر مقدمات بھی درج ہیں۔

پولیس نے کہا ہے کہ دونوں کیسز کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close