اسلام آباد: حکومت نے پاسپورٹ سروس کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنانے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق موجودہ مینول تجدید کا نظام مرحلہ وار ختم کر کے زیرو پیپر سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت شہری پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ کی آن لائن تجدید کے لیے موبائل ایپ بھی تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے درخواست جمع کرانے اور اس کی پراسیسنگ کی سہولت فراہم ہوگی۔
اس کے علاوہ ملک بھر کے نادرا مراکز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر متعدد سرکاری سہولیات دستیاب ہو سکیں اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن درخواست کی منظوری کے بعد پاسپورٹ براہ راست شہریوں کے گھروں تک پہنچایا جائے گا، جس سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اور نظام مزید شفاف بنایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






