نوکری کا جھانسہ دے کر پڑوسی کا گردہ نکال لیا

چونیاں: چونیاں میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر نوکری کا جھانسہ دے کر پڑوسی نوجوان کا گردہ نکال لیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان صداقت کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمہ فرزانہ اپنے دو بیٹوں عمر اور جمشید کے ہمراہ نوجوان کو اسلام آباد لے گئی، جہاں ایک نجی اسپتال میں اسے بے ہوش کر کے اس کا بایاں گردہ نکالا گیا۔

مدعی کے مطابق اسے کئی روز تک نشہ آور انجکشن دیے جاتے رہے، جبکہ ملزمہ نے فون پر کسی سے گفتگو میں گردہ 60 لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا ذکر بھی کیا۔

مقدمے کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان نوجوان کو خاموشی سے واپس گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ بعد ازاں جب متاثرہ شخص نے الٹراساؤنڈ کروایا تو رپورٹ میں اس کا بایاں گردہ موجود نہیں تھا۔

ایس ایچ او کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں گردہ غائب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close