امریکا اور ایران کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات منسوخ، سوئس وزارت خارجہ کا اعلان

سوئس وزارت خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان آج برگن اسٹاک ریزورٹ میں ہونے والے مذاکرات منسوخ ہونے کی تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے مشہور برگن اسٹاک ریزورٹ میں امریکا اور ایران کے درمیان آج ہونے والے ابتدائی مذاکرات آخری لمحات میں ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

سوئس وزارتِ خارجہ نے باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ آج یہ طے شدہ مذاکرات نہیں ہوں گے۔

امریکی میڈیا اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا کہ مذاکرات ابھی تیاری کے مرحلے میں ہیں اور لاجسٹک و انتظامی تفصیلات مکمل طور پر طے نہیں ہو سکی تھیں، یہی وجہ ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سوئٹزرلینڈ کا اپنا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے اور وہ آج رات روانہ نہیں ہو رہے۔

تاہم وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ تکنیکی مذاکرات جلد شروع کرنے کے منتظر ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اس پورے عمل میں ایک اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر کے معاہدے کی توثیق کر دی ہے، جس کے بعد اب ان کا دورہ سوئٹزرلینڈ بھی منسوخ ہو گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حال ہی میں طے پانے والے اس مفاہمتی یادداشت کے نکات پر اب دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی مذاکرات علیحدہ سے ہوں گے، جس کے بعد حتمی بات چیت کا عمل آگے بڑھے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close