وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق اراکین قومی اسمبلی ابرار شاہ، ثمینہ خالد، شاہدہ رحمان، جمال شاہ کاکڑ، خرم شہزاد، سردار یعقوب خان ناصر، میجر (ر) طاہر اقبال اور میاں خان بگٹی نے وزیراعظم سے الگ الگ ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اراکین نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے بجٹ میں کاروباری برادری کے لیے ٹیکس میں رعایتوں اور دیگر سہولیات سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم کے مطابق پائیدار معاشی ترقی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے، جبکہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔
اراکین قومی اسمبلی نے عوامی فلاح اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اراکین کے حلقوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






