سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے لبنان سے سعودی عرب کے لیے برآمدات دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے،
جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی نئی امید پیدا ہوگئی ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ لبنانی صدرجوزف عون کی جانب سے سعودی عرب سے 5 سالہ پابندی ختم کرنے کی درخواست کے بعد کیا گیا، سعودی ولی عہد نے یہ فیصلہ لبنانی وزیراعظم نواف سلام سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران آگاہ کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محمد بن سلمان نے گفتگو میں لبنان کے استحکام، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا اور لبنانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ سعودی ولی عہد نے امید ظاہر کی کہ لبنان اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا کہ اس کی سرزمین کو برادر ممالک کے خلاف کسی بھی نقصان دہ سرگرمی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
سعودی عرب نے 2021 میں لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کی تھی، جب حکام نے لبنان سے آنے والی بعض کھیپوں کے ذریعے بڑی مقدار میں منشیات سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوششیں پکڑی تھیں۔ حالیہ فیصلہ ریاض اور بیروت کے درمیان کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد تعلقات میں بہتری کی ایک اور علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






