سائیکلنگ کے دیوانوں کا ہجوم، پہلی پوزیشن کے ساتھ 30 ہزار روپے کا انعام

لاہور میں سائیکلنگ کے شوقین افراد کے لیے ایک مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے آنے والے سائیکلسٹس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

پنجاب اسٹیڈیم لاہور سے شروع ہونے والی 50 کلومیٹر طویل ریس میں 50 سے زائد سائیکلسٹس نے حصہ لیا۔ ریس کا روٹ والٹن روڈ، کینال روڈ اور مال روڈ سے گزرتا ہوا لبرٹی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ مقابلے کے دوران شرکا نے رفتار اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنجاب کے محمد شکیل نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور 30 ہزار روپے نقد انعام اپنے نام کیا۔ پاک فوج کے ارسلان نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے سلور میڈل جیتا جبکہ طلحہ خان نے تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے برونز میڈل اور نقد انعام حاصل کیا۔

سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر خواجہ ادریس حیدر کے مطابق ملک میں سائیکلنگ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد خواتین کے لیے بھی سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ 2026 میں بڑے ایونٹس بھی منعقد کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close