سرکاری سکیم کے تحت پاکستانیوں نے رواں برس حج پر کتنی رقم خرچ کی؟ رپورٹ منظر عام پر آگئی

سرکاری سکیم کے تحت پاکستانیوں نے رواں برس حج پر تقریباً 139 ارب 16 کروڑ روپے (139,164,850,000) خرچ کیے۔

ذرائع کے مطابق لانگ حج پروگرام کے حاجیوں کے مجموعی اخراجات تقریباً 89 ارب 40 کروڑ (89,404,450,000) روپے رہے، جبکہ شارٹ (کم دورانیہ) حج کرنے والے حاجیوں کے اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ (49,760,400,000) روپے رہے۔

سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے رواں برس حج کیا، جن میں 77 ہزار 743 حاجیوں نے 40 سے 45 روزہ لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا۔ اس طرح سرکاری حج سکیم کے 65.2 فیصد حاجیوں نے لانگ حج پروگرام کے تحت حج ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق لانگ حج پروگرام کے ہر حاجی نے مجموعی طور پر 11 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ادا کیے، جبکہ 41 ہزار 467 حاجیوں نے 20 سے 22 روزہ شارٹ حج پروگرام کے تحت حج ادا کیا۔ سرکاری حج سکیم کے 34.8 فیصد حاجیوں نے شارٹ حج پروگرام کا انتخاب کیا۔

شارٹ حج پروگرام کے حاجیوں نے فی کس 12 لاکھ روپے خرچ کیے۔

مزید اعداد و شمار کے مطابق 50 ہزار 114 خواتین نے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا، جبکہ خواتین حاجیوں کا سرکاری حج کوٹے میں تناسب 43.5 فیصد رہا۔ 65 ہزار 182 مردوں نے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا، اور مرد حاجیوں کا تناسب 56.5 فیصد رہا۔

لانگ حج پروگرام کے حاجیوں نے پہلی قسط میں 5 لاکھ اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے، جبکہ شارٹ حج پروگرام کے حاجیوں نے پہلی قسط میں 5 لاکھ 50 ہزار اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے۔

ذرائع کے مطابق دو بیڈ والے الگ کمرے کا انتخاب کرنے والے حاجیوں نے فی کس 2 لاکھ روپے اضافی ادا کیے، جبکہ تین بیڈ والے الگ کمرے کا انتخاب کرنے والے حاجیوں نے فی کس 67 ہزار روپے اضافی ادا کیے۔

پرائیویٹ حج سکیم کے تقریباً 60 ہزار حاجیوں کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں، جہاں 12 لاکھ سے 40 لاکھ روپے تک کے مختلف حج پیکیجز استعمال کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close