کراچی: پی آئی اے ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں صبح 10 بجے سے 3 بجے تک دفاتر طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کو نجی کنسورشیم کے حوالے کرنے کے عمل سے قبل ایک اہم عالمی آڈٹ کے لیے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کی ماہرین ٹیم کل پاکستان پہنچے گی۔
پی آئی اے کا یہ انتہائی اہم ’’انٹرنیشنل آپریشنل اینڈ سیفٹی آڈٹ‘‘ 8 جون کو شیڈول ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم عالمی آڈٹ کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے باوجود متعلقہ شعبہ جات کے ملازمین کو فوری طور پر دفاتر طلب کر لیا ہے۔
ملازمین کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آڈٹ کے لیے مطلوبہ تمام ریکارڈز اور دستاویزات کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھیں۔
ہنگامی احکامات کے تحت ملازمین ہفتہ اور اتوار کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک دفاتر میں موجود رہ کر اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق IATA کی ٹیم پی آئی اے کے تمام شعبوں کی باریک بینی سے جانچ کرے گی، جس میں خاص طور پر ایئرلائن کے اندر سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد کا جائزہ شامل ہوگا۔
ہوا بازی کے ماہرین کے مطابق یہ سیفٹی آڈٹ پی آئی اے کی حفاظتی امور سے متعلق عالمی درجہ بندی کا فیصلہ کرے گا، جو نجکاری کے عمل اور مستقبل کی بین الاقوامی پروازوں کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






