پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے مالی سال 2025-26 کی بہترین کارکردگی پر اپنے ملازمین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ بطور سالانہ بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولر، کنٹریکٹ اور ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے تمام اہل ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر بونس دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لمپ سم اور ڈیلی ویجز ملازمین کو بھی ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر پرفارمنس انسینٹو ملے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ بونس صرف ان ملازمین کو دیا جائے گا جو کم از کم چھ ماہ سے کمپنی کے پے رول پر موجود ہیں۔
پیسکو انتظامیہ نے شفافیت اور کارکردگی برقرار رکھنے کے لیے سخت شرائط بھی عائد کی ہیں۔ دستاویز کے مطابق کرپشن، بجلی چوری یا بدعنوانی میں ملوث اہلکار اس بونس کے اہل نہیں ہوں گے۔ اسی طرح نیب، ایف آئی اے یا دیگر تحقیقاتی اداروں کی انکوائریوں کا سامنا کرنے والے یا محکمانہ طور پر بڑی سزا پانے والے ملازمین بھی اس سہولت سے محروم رہیں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ وہ افسران بھی بونس کے اہل نہیں ہوں گے جو صارفین کی شکایات کے ازالے، نیٹ میٹرنگ اور کنکشنز کی فراہمی میں تاخیر کریں یا عوامی شکایات کے حل میں غفلت برتیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






