خطرے کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

پشاور : پشاور میں جنگلاتی آگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حسن خیل فاریسٹ رینج اور ضلع پشاور کے دیگر جنگلاتی علاقوں میں جھاڑیوں، گھاس اور زرعی باقیات جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنگلاتی علاقوں میں پکنک کے دوران آگ جلانے اور دیگر فائر ایکٹویٹیز کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ خشک موسم اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث جنگلاتی آگ لگنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے متعلقہ اداروں اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ جنگلاتی آگ سے عوامی املاک، حیاتیاتی تنوع اور قریبی آبادیوں کو لاحق خطرات سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close