ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دالیں، چنے، لوبیا اور سویا سے بھرپور غذا ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ تقریباً 170 گرام دالیں، لوبیا اور چنے جبکہ 60 سے 80 گرام سویا سے بنی غذائیں جیسے ٹوفو اور ایڈامامی استعمال کرنا اس معاملے میں بہترین ہے۔
تحقیق کنگز کالج لندن سے وابستہ محققین سمیت مختلف سائنس دانوں کی جانب سے کی گئی، جس کے نتائج بی ایم جے نیوٹریشن پریونشن اینڈ ہیلتھ میں شائع ہوئے۔
تحقیق میں 12 مختلف مطالعات کے ڈیٹا کو یکجا کر کے تجزیہ کیا گیا۔
نتائج کے مطابق جو لوگ سب سے زیادہ دالیں اور سویا استعمال کرتے تھے، اُن میں یہ غذائیں کم کھانے والوں کے مقابلے میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بالترتیب 16 فی صد اور 19 فی صد کم پایا گیا۔
مجموعی تجزیے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ روزانہ 170 گرام دالیں، چنے یا لوبیا کھانے سے ہائی بلڈ پریشر کے خطرے میں تقریباً 30 فی صد کمی آ سکتی ہے جبکہ روزانہ 60 سے 80 گرام سویا غذا لینے سے خطرہ 28 سے 29 فی صد تک کم ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






