چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے جس میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی اس وقت ایران میں موجود ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات تہران میں ہوئی، جس میں خطے میں کشیدگی میں کمی، امن و استحکام اور مغربی ایشیا کی سکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ روز ایران کے دورے پر پہنچے تھے، جہاں ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی ایران میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت کی متعدد اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں اور امریکا کے ساتھ جاری تنازعات میں کمی کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیلڈ مارشل اپنے دورے کے دوران مزید اعلیٰ ایرانی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جبکہ ایران اور امریکا مذاکرات، خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران پاکستان کی جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






