اہم خبر ، گیس بندش کے شیڈول کا اعلان

سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں عارضی گیس بندش کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق نیپا فلائی اوور کے قریب بی آر ٹی روٹ پر 20 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس پائپ لائن کی لوئرنگ کا کام کیا جائے گا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل اور بعض علاقوں میں گیس کا پریشر کم رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ کام ٹرانس کراچی کی درخواست پر بی آر ٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ سوئی گیس کی ٹیم یہ کام 23 مئی رات 10 بجے سے اتوار صبح 5 بجے تک مکمل کرنے کی کوشش کرے گی، تاہم تکنیکی وجوہات کے باعث کام میں توسیع بھی ہو سکتی ہے اور مرمتی سرگرمیاں صبح 8 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس دوران لیاقت نیشنل ہسپتال، آغا خان ہسپتال، کراچی سینٹرل جیل سمیت متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔

کمپنی کے مطابق سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس کا کم پریشر ہو سکتا ہے، جبکہ گلشنِ اقبال کے تمام بلاکس، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا، پی ایچ ایس سوسائٹی، صدر، کھارادر، لیاری اور گارڈن سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی کم گیس پریشر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کام مکمل ہوتے ہی صارفین کو آگاہ کر دیا جائے گا اور متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ ادارے نے اس دوران صارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت بھی کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close