بغیر ورزش دبلے رہنے کے مشورے

وزن بڑھ رہا ہو تو پریشانی بھی بڑھ جاتی ہے اور خواتین ڈائٹنگ کرنے، جم جانے اور ورزش کرنے کے بارے میں سوچ بچار پر مجبور ہوجاتی ہیں۔ خود کو فٹ اور موٹاپے سے دور رکھنے کے کئی آزمودہ طریقے ہیں جن پر عمل کر کے آپ نہ صرف فٹ رہ سکتی ہیں بلکہ خوش و خرم زندگی بھی گزار سکتی ہیں۔ ماہرین دبلے رہنے کے لیے چند مشورے دیتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

سب سے پہلے تو آپ ریلیکس کرنا سیکھیں کیونکہ جب آپ ٹینشن لیتی ہیں تو آپ کے جسم میں اسٹریس کے ہارمون پیدا ہونے لگتے ہیں جو آپ کے نظام ہاضمہ پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ اس کے بعد معدے میں گرانی محسوس ہوتی ہے اور وہ پھولنے لگتا ہے۔ لہٰذا جسمانی اور ذہنی طور پر زیادہ سے زیادہ ریلیکس رہنے کی کوشش کریں۔ اس کے لیے آپ اپنی پسند کا میوزک سن سکتی ہیں، یوگا کرسکتی ہیں، ٹی وی کے سامنے کچھ وقت گزار سکتی ہیں یا من پسند مشغلہ اپنا سکتی ہیں۔

اپنی ڈیسک پر سستانے یا پیٹ کے بل لیٹ کر فون، ٹیبلیٹ وغیرہ استعمال کرنے سے پیٹ باہر نکلنے لگتا ہے۔ اچھی نشست و برخاست نہ صرف آپ کو سلم بلکہ سیدھا کھڑا رہنے میں بھی مدد دیتی ہے، ساتھ ہی آپ کے مسلز کو بھی مصروف رکھتی ہے۔ کوشش کریں کہ بیٹھنے کے دوران آپ کی کمر سیدھی، کندھے پیچھے کی جانب اور دونوں پیر زمین پر رہیں۔ اگر آپ کو یہ کرنا یاد نہ رہے تو اپنے فون یا کمپیوٹر میں ریمائنڈر لگا لیں کہ آپ کو 20 منٹ تک اسی انداز میں بیٹھنا ہے۔

جاپانی محققین کا خیال ہے کہ وزن کم کرنا اتنا ہی آسان ہے جتنا چیونگ گم چباتے ہوئے پیدل چلنا۔ ان کی تحقیق میں 21 سال سے 69 سال کی عمر کے افراد شامل تھے اور جب وہ چیونگ گم چباتے ہوئے اپنی فطری چال چل رہے تھے تو ان کے دل دھڑکنے کی شرح بڑھ گئی۔ آپ بھی چیونگم چباتے ہوئے چلتی پھرتی رہیں اور اپنے وزن میں کمی لائیں۔

صبح اٹھ کر پانی میں لیموں ملا کر پینا اپنا معمول بنالیں، یہ آپ کے بڑھے ہوئے پیٹ کو کم کرنے میں بہت سود مند ثابت ہوگا۔ لیموں والے پانی سے انفلیمیشن کم ہوتی ہے اور یہ معدے کو پھولنے سے بچاتا ہے۔

ڈارک چاکلیٹ کا ایک ٹکڑا آپ کے بڑھے ہوئے پیٹ میں کمی لانے میں مدد کرسکتا ہے۔ ڈارک چاکلیٹ مونو سیچوریٹڈ فیٹ کو کم کرنے اور آپ کے میٹابولزم کی رفتار بڑھانے میں مدد کرتی ہے۔ مزید براں یہ آپ کی توانائی میں اضافہ کرتی ہے اور آپ کام کاج کرنے میں مصروف ہو جاتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق روزانہ کی غذا میں پروسیسڈ فوڈ اور 3 گرام نمک کم کردیا جائے تو اس سے جسم میں اتنا پانی ریلیز ہونے میں مدد ملتی ہے جس سے جسم میں پانی کی سطح برقرار رہتی ہے۔ ٹیبل سالٹ کے بجائے سمندری نمک استعمال کریں جس میں سوڈیم کی شرح کم ہوتی ہے۔ ہائی لیول سوڈیم سے معدے کے پھولنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

کھانا وقت پر اور بیٹھ کر اطمینان سے کھائیں اور کھانے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ کھانا کھاتے ہوئے ہلکی پھلکی گفتگو کرنا چاہیے کیونکہ چباتے ہوئے منہ بند ہو تو ہوا باہر نہیں نکلتی اور وہ پیٹ میں رہ جاتی ہے۔ ریسرچ کے مطابق کھانے کے دوران زیادہ چبانے سے کیلوریز بھی زیادہ جلتی ہیں۔

ریسرچ کہتی ہے کہ گرین ٹی اور پتلی کمر کا براہ راست تعلق ہے۔ گرین ٹی میں موجود catechins چربی کے خلیوں سے چربی ریلیز کرتے ہیں اور جگر کے ذریعے فیٹ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

تیزی سے کھانا کھانے کی وجہ سے معدے کو بھی تیزی سے کام کرنا پڑتا ہے جس سے ہاضمے کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ اس سے پہلے کہ پہلا لقمہ پیٹ میں جائے، دوسرا منہ میں پہنچ جاتا ہے اور یوں معدہ پھولنا شروع ہوجاتا ہے۔ بعض اوقات ہم ٹی وی دیکھنے اور باتوں میں مگن ہو کر بھی ضرورت سے زیادہ کھا لیتے ہیں، یہ بھی موٹاپے کا باعث بنتا ہے۔ لہٰذا ان عادتوں کو ترک کرکے کھانے پر توجہ مرکوز رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close