عیدالاضحی کے موقع پر دفعہ 144 نافذ

لاہور:
پنجاب حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں 27 مئی سے 2 جون تک نافذ العمل رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ جانوروں کی آلائشیں، فضلہ اور اوجھڑی مین ہولز، نالیوں، نہروں یا دیگر آبی گزرگاہوں میں پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق دریاؤں، نہروں، جھیلوں اور ڈیمز میں نہانے اور تیراکی پر بھی پابندی ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ صرف سرکاری طور پر منظور شدہ مویشی منڈیوں میں ہی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت ہوگی۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں اکٹھی کر سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امن و امان برقرار رکھنے، انسانی جانوں کے تحفظ اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close