پنکی کی عدالت پیشی سے قبل صحافیوں کی جیل احاطے میں داخلے پر پابندی

کراچی کی سینٹرل جیل میں قائم عدالت کے باہر منشیات ڈیلر ملزمہ انمول عرف پنکی کی پیشی کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جس کے باعث صحافیوں اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

پولیس کی بھاری نفری نے جیل کمپلیکس اور عدالت کے احاطے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور میڈیا نمائندوں کو کوریج کے لیے اندر جانے سے مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔

جیل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے باعث صحافیوں کو نہ صرف کمرہ عدالت بلکہ جیل کے بیرونی احاطے میں بھی داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔

جب پولیس اہلکاروں سے ان پابندیوں کے تحریری احکامات یا ذمہ دار افسر کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ کوئی بھی واضح جواب دینے سے قاصر رہے۔ اس صورتحال کے باعث صحافیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

ملزمہ کی پیشی کے پیش نظر سیکیورٹی اس قدر سخت ہے کہ جیل کے اندر جانے والی وکلاء اور پولیس کی گاڑیوں کی بھی کڑی تلاشی لی جا رہی ہے اور مکمل چیکنگ کے بعد ہی انہیں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ان سخت انتظامات اور راستوں کی بندش کی وجہ سے عدالت آنے والے عام سائلین کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور عدالتی امور کی انجام دہی میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close